پاکستان کو کسی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، سید ناصر عباس شیرازی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے تنظیمی و عوامی رابطہ پروگرام کے تحت ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں پنڈی راواں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے معزز راں فیملی (چوہدری رضا حسین راں، عرفان عباس راں، اسد عباس راں) سے اُن کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فاتحہ خوانی کے بعد ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی نے ضلع بھر سے منتخب افراد اور معززین کے ہمراہ ایک اہم نشست کی، جس میں مجلس وحدت مسلمین منڈی بہاؤالدین کے ضلعی صدر حاجی سیف اللہ رانجھا سمیت تنظیمی ذمہ داران اور معتبر شخصیات (مولانا مظہر عباس ہادی، سید اعجاز حسین بخاری، ناصر عباس تارڑ، سید عامر عباس ممبر، مولانا سید عمران حیدر کاظمی، چوہدری خرم عباس آکی، چوہدری جعفر حسین موجیانوالہ، چوہدری حسن گوندل موجیانوالہ، سید امیر حسین نقوی ریڑکا بالا، چوہدری سکندر حیات ریڑکا بالا، سید ظہیر عباس گاؤں سید) شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : رسول خداﷺ کی سیرت خدمتِ خلق کا درس دیتی ہے، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: علامہ علی اکبر کاظمی
اس ملاقات کے دوران مقامی و قومی حالات، ملی و سماجی یکجہتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تنظیمی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ:
"مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر میں عوامی خدمت، ملی اتحاد اور استحکامِ وطن کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ضلع منڈی بہاؤالدین کے کارکنان اور عوام کا جوش و جذبہ اس بات کی گواہی ہے کہ ہم سب مل کر ایک روشن اور پُرامن پاکستان کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ان شاء اللّٰہ قوم کو کسی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہم سب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔”
شرکائے نشست نے ڈاکٹر ناصر شیرازی کی قیادت اور تنظیمی وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عوامی خدمت کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







