رسول خداﷺ کی سیرت خدمتِ خلق کا درس دیتی ہے، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: علامہ علی اکبر کاظمی
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کی جانب سے ہفتہ وحدت کے تحت سیرت النبیﷺ کانفرنسز کا اعلان، نوجوان نسل کو نظام مصطفیﷺ کے قیام کی دعوت

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے میلادالنبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول خداﷺ کا بتایا ہوا راستہ حق اور صداقت کا راستہ ہے۔ آقائے دو جہاں نے فرمایا کہ اصل سکون مخلوق خدا کی خدمت میں ہے اور جو لذت و سکون خدمتِ خلق میں ملتا ہے، وہ دنیا میں کسی اور جگہ نہیں۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ سیرت النبیﷺ ہمیں صلہ رحمی، محبت، اخلاق، اخلاص اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ لہٰذا اس وقت ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم پنجاب بھر میں اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کریں جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ مالی امداد، کپڑے، اشیائے خورونوش، اجناس، دودھ، خیمے اور کمبل عطیہ کیے جائیں تاکہ متاثرین خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی امیدوار تیمور الطاف کا سید المرسلین خیمہ بستی کا دورہ، ایم ڈبلیو ایم کی کاوشوں کی تعریف
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں مختلف آرگنائزیشنز سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہی ہیں جن میں مجلس وحدت مسلمین بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ علامہ کاظمی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجلس وحدت مسلمین اور وحدت یوتھ پاکستان بھر میں دن رات متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بلا تفریق امتِ مسلمہ، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب بھر میں ہفتہ وحدت کے عنوان سے سیرت النبیﷺ کانفرنسز منعقد کرے گی تاکہ افکار و کردار رسول اکرمﷺ سے بالخصوص نوجوان نسل کو روشناس کرایا جائے اور وطن عزیز پاکستان میں نظامِ مصطفیﷺ کے قیام کے لیے کردار ادا کیا جا سکے۔