ہفتۂ وحدت: آیت اللہ ریاض نجفی کا شیعہ سنی اتحاد پر زور
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مسجدِ علی، حوزۂ علمیہ جامعۃ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول عظمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ یہ ماہِ مقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کا مہینہ ہے؛ متعدد روایات کے مطابق سرورِ کائنات کی ولادت 2، 4، 8، 10، 12 اور 17 ربیع الاول کو بیان کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول اہلِ سنت اور 17 ربیع الاول اہلِ تشیع کے نزدیک ولادتِ باسعادت کی معتبر ترین روایات ہیں، لیکن دونوں مکاتبِ فکر اس بات پر متفق ہیں کہ یہ بابرکت مہینہ ہی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ انقلابِ اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے تاریخوں کے اختلاف کے باوجود امتِ مسلمہ میں اتحاد پیدا کرنے کے لیے 12 سے 17 ربیع الاول کو ہفتۂ وحدت کے طور پر منانے کا پیغام دیا، اور یہی پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستان میں ربیع الاول کے دوران اتحاد و وحدت کی کانفرنسیں منعقد ہوتی تھیں؛ سیرت النبیؐ کانفرنسوں میں شیعہ اور سنی علماء مل کر خطابات کرتے اور وحدت کا پیغام دیتے تھے، مگر افسوس کہ یہ روایت آہستہ آہستہ کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ 12 ربیع الاول کو اہلِ تشیع، اہلِ سنت کی سیرت النبیؐ کانفرنسوں میں شریک ہوں اور 17 ربیع الاول کو اہلِ سنت، اہلِ تشیع کی کانفرنسوں میں جائیں تاکہ دونوں مکاتبِ فکر مل کر شیعہ سنی معاشرے میں اتحاد و وحدت کو فروغ دے سکیں۔







