آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شخصیت متاثر کن ہے، نواز شریف

08 ستمبر, 2025 20:31

شیعیت نیوز : پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پر لاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لے کر جانا چاہتے ہیں۔ جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں۔ اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارک باد دیتے ہیں۔ ایران کے رہبر اعلیٰ کی شخصیت متاثر کن ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے۔ بدقسمتی سے سابقہ دور میں ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے، اب ہم بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سید ناصر عباس شیرازی کا سرگودھا کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا ہے۔ ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی و یکجہتی دیرینہ رشتے کی عکاس ہے۔ پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا، تاہم بروقت اقدامات سے ہزاروں جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، نواز شریف ہمیں ایران کے لیے دعا کرنے کا کہتے رہے۔ تعلیم کے دوران خصوصی طور پر فارسی کا سبجیکٹ بھی پڑھا تھا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات متاثر کن ہیں۔ ایرانی حکومت اور عوام بھرپور حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ 9 نومبر کو ایران میں اقبال ڈے منایا جائے گا۔ ایران کے میوزیکل بینڈ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔ ہماری درخواست ہے کہ پنجاب کی جامعات میں فارسی زبان کو مزید فروغ دیا جائے۔

3:06 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔