مجلس وحدت مسلمین وسطی پنجاب کا سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اہم اجلاس
لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں ریلیف کیمپوں اور بحالی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین وسطی پنجاب کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں سیلاب متاثرین کمیٹی کا اہم اجلاس صوبائی کوآرڈینیٹر جناب سید حسین زیدی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں خصوصی شرکت مرکزی صدر وحدت ایمپلائز ونگ پاکستان برادر سلیم عباس صدیقی نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے علامہ سید غضنفر علی نقوی نے کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے برادر سلیم عباس صدیقی نے کہا کہ اس وقت پورا ملک سیلابی صورتحال سے دوچار ہے اور ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ان بے سہارے لوگوں کی خدمت کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ہفتۂ وحدت امت مسلمہ کے اتحاد کا پیغام ہے، زین رضا رضوی
اجلاس میں سیلاب متاثرین کی امداد اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے اہم نکات اور مزید بہتری کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
جمعہ اجتماعات کے موقع پر پیر منصور، وفاقی کالونی، کھاڑک، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واپڈا ٹاؤن میں امدادی کیمپ مساجد انتظامیہ کی مشاورت سے لگائے جائیں گے۔
مزید سیلاب متاثرین کی بحالی اور بہتر پیشرفت کے لیے تمام علمائے کرام اور زعمائے ملت سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اسی طرح خواتین سیٹ اپ کو بھی اس کارِ خیر میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ضلع لاہور میں تمام سرگرمیوں اور کارکردگی کی نگرانی کے لیے برادر نجم خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔