لوئرکرم میں مسافر گاڑی پر فائرنگ ،7 افرادجاں بحق، انجینئر حمید حسین کا اظہار مذمت

04 ستمبر, 2025 16:11

شیعیت نیوز: لوئر کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق احمد خان کلے کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے مسافر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے کو پولیس اور سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں ٹی ایچ کیو اسپتال صدہ منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی پی او کرم ملک حبیب کے مطابق یہ حملہ علاقے کے امن کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

علاقے سے منتخب مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹل پاراچنار مین شاہراہ پر لوئر کرم احمد خان کلے کے مقام پر ہونے والے دہشت گردی کے دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایسے افسوسناک اور انسانیت سوز واقعات کسی صورت برداشت کے قابل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شکارپور: علامہ مقصود ڈومکی کا دورہ، عظمت شہداء کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کرم پولیس اور سکیورٹی ادارے واقعہ کی صاف و شفاف تحقیقات کریں اور اس سانحہ میں ملوث اصل ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ضلع کرم کے پُرامن ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں تمام اداروں اور عوام کو باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہوگا تاکہ دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں۔

8:16 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔