کوئٹہ: آل پارٹیز اجلاس، خودکش حملے کی مذمت اور صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان

04 ستمبر, 2025 16:11

شیعیت نیوز: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت آل پارٹیز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین، بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے وفود نے شرکت کی۔

اجلاس سے ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ ولایت حسین جعفری، ساجد ترین ایڈووکیٹ، عبدالروف لالا، ڈاکٹر اسلم بلوچ، اصغر خان اچکزئی، دائود شاہ کاکڑ، زاہد اختر اور دیگر شرکاء نے خطاب کیا اور اپنی آراء و تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں 2 ستمبر کو سردار عطاء اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے جلسہ عام کے اختتام پر صوبے کی اعلیٰ سیاسی قیادت پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس کی ذمہ داری فوج اور خفیہ اداروں پر عائد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : شکارپور: علامہ مقصود ڈومکی کا دورہ، عظمت شہداء کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

اجلاس میں کہا گیا کہ اس طرح کے بہیمانہ دہشت گردی کے واقعات صوبے کی سیاسی قیادت اور عوام کو اپنی قومی، سیاسی، جمہوری، معاشی اور سماجی حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں کر سکتے۔ اس قسم کے واقعات ریاست کی جانب سے صوبے کی قومی و جمہوری تحریکوں کے خلاف انتہائی اقدام ہیں جن کے خلاف صوبے کے عوام کو متحرک کیا جائے گا۔

اجلاس میں بم دھماکے کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہداء کے مقدس خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید برآں، اجلاس میں طے پایا کہ اس المناک دہشت گردی کے خلاف پورے صوبے میں منظم عوامی احتجاج کی کال دی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان آل پارٹیز کے اکابرین آج مورخہ 4 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب میں سہ پہر 12 بجے ایک اہم پریس کانفرنس میں کریں گے۔

9:48 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔