گلگت بلتستان کرب ناک صورتحال کا شکار، علامہ احمد اقبال رضوی کا ردعمل
شیعیت نیوز : وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا گلگت بلتستان اس وقت ایک کرب ناک صورتِ حال سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف سوسٹ بارڈر پر تاجر برادری اپنے جائز اور آئینی مطالبات کے حق میں پُرامن دھرنا دیے ہوئے ہے لیکن ان پر ریاستی جبر، پولیس گردی اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف وکلاء، اساتذہ، پولیس اہلکار اور دیگر ملازمین اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے حکمران اس بے آئین خطے کے عوام کے لیے کسی عذاب کی طرح مسلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم عراق سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ملاقات
ادھر سیلاب نے جنت نظیر وادیوں کو برباد کر کے رکھ دیا ہے، بستیاں اجڑ رہی ہیں، لوگ بے گھر ہو رہے ہیں، لیکن نہ مقامی حکومت اور نہ ہی وفاقی حکمران طبقہ کوئی ذمہ داری لینے کو تیار ہے۔ ان کی خاموشی اور بے حسی نے عوام کے دلوں میں نفرت اور مایوسی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
پورے خطے میں لاقانونیت، کرپشن اور بدترین مس گورننس کا راج ہے۔ عوام اپنے آپ کو تنہا، محروم اور لاوارث محسوس کر رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو خدانخواستہ گلگت بلتستان میں عوامی غصہ ایک بڑے طوفان کی صورت اختیار کر سکتا ہے جس کی ذمہ داری صرف اور صرف حکمران طبقے پر عائد ہوگی۔







