اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

علامہ احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت زائرین کمیٹی کا اجلاس، حکومتی تاخیر پر تشویش اور احتجاج کا عندیہ

اگر حکومت فضائی سفر ممکن نہیں بنا سکتی تو ریمدان بارڈر زمینی زائرین کے لیے کھولا جائے، قافلہ سالاروں کا مطالبہ

شیعیت نیوز : زائرین کمیٹی پاکستان کا حکومت کے ساتھ سفر مقدس ایران و عراق جانے والے زائرین کے حوالے سے طے پائے گئے امور پر وعدوں کے باوجود حکومت کی جانب سے عملدرآمد میں تاخیر سے آگاہی دینے کے لیے قافلہ سالاروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں زائرین کمیٹی کے نمائندوں علامہ سید احمد اقبال رضوی اور زاہد علی آخونزادہ جبکہ قافلہ سالاروں میں پنجاب، ڈیرہ اسماعیل خان، جھنگ اور پاراچنار کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ زاہد کاظمی، علامہ عیسیٰ امینی، علامہ علی شیر انصاری اور ظہیر عباس نقوی موجود تھے۔ اجلاس میں زائرین کمیٹی کی جانب سے علامہ سید احمد اقبال رضوی اور زاہد علی آخونزادہ نے حکومت اور زائرین کے مابین جاری مذاکراتی عمل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زمینی سفر کرنے والے زائرین کے مسئلے کو ترجیحی طور پر حل کرنے کے حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال فلائٹ شیڈول اور رعایتی ٹکٹس کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تاخیر کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قائد علامہ سید محمد دہلویؒ برصغیر کے بلند پایہ عالم دین تھے: علامہ سید ساجد علی نقوی

انہوں نے کہا کہ زائرین کمیٹی پاکستان اور حکومت کے مابین جاری مذاکرات ابھی تک کسی تعطل کا شکار نہیں اور تاحال حکومتی نمائندے زائرین کے فضائی سفر سے انکار نہیں کر رہے ہیں۔ قافلہ سالاروں کی جانب سے اس تاخیر کو حکومتی ٹال مٹول سے تعبیر کرتے ہوئے ان تاخیری حربوں پر اور مسئلے کے فوری حل نہ ہونے کی صورت میں بھرپور ملک گیر احتجاج کرنے کی اپیل کی گئی۔

قافلہ سالاروں نے اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ اگر فضائی طور پر حکومت عوام کو زیارات مقدسہ نہیں بھیج سکتی تو ریمدان بارڈر کو زمینی زائرین کے لیے کھول دے۔ جبکہ انہوں نے اربوں روپے کے عوامی نقصان کو زائرین اور قافلہ سالاروں کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیا۔

آخر میں زائرین کمیٹی نے ان کی رائے کو ملک کے دیگر صوبوں کے قافلہ سالاروں اور زائرین سے آراء اکٹھی کرنے کے بعد قیادت کو پیش کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button