قائد علامہ سید محمد دہلویؒ برصغیر کے بلند پایہ عالم دین تھے: علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے قائدِ اوّل علامہ سید محمد دہلوی کی 54 ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: علامہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطيبِ اعظم اور ایک برجستہ علمی شخصیت تھے جن کا تعلق ایک معروف علمی گھرانے سے تھا۔ انہوں نے علمی و سماجی شعبوں میں تصنیف و تالیف، تقریر و خطابت کے ذریعہ دین و ملت کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ مدرسۂ ناظمیہِ لکھنؤ جیسی ممتاز علمی درسگاہ سے کسبِ فیض کیا۔
انہوں نے مزید کہا: وطنِ عزیز کی تشکیل و تعمیر اور سالمیت و دفاع میں عوام نے علماء و اکابرین کی قیادت میں صبر آزما جدوجہد کی اور لازوال قربانیاں پیش کیں جن میں قائدِ مرحوم علامہ سید محمد دہلویؒ کی جدوجہد و کاوشیں اور ان کے مثبت نتائج نمایاں حیثیت کے حامل رہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: دورِ حاضر میں بھی پاکستان کے عوام مختلف مسائل و مشکلات کے باوجود ملکی سلامتی اور قومی وحدت کی خاطر صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں، مگر ذمہ داران صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں کر پا رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم کا صحافی خاور حسین کی پراسرارموت پر اظہار تشویش اور افسوس،شفاف تحقیقات کا مطالبہ
انہوں نے کہا: مرحوم سید محمد دہلوی برصغیر کے خطیبِ اعظم، بلند پایہ عالمِ دین اور بے بدل قائد تھے جنہوں نے 1964 میں شیعہ مطالبات کمیٹی اور مجلسِ علماۡءِ شیعہ پاکستان کے فورمز کے ذریعہ پرامن سیاسی اور جمہوری طرزِ احتجاج کی داغ بیل ڈالی اور اپنے مطالبات جن میں خاص طور پر عزاداری، دینیات اور اوقاف شامل تھے، کو منطقی انداز میں پیش کیا اور مثبت نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے پیرانہ سالی کے باوجود ملت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ اس مشکل دور میں کم وسائل کے باوجود مسلسل اور انتھک محنت سے قوم کو شعور اور اتحاد کی نعمت کا احساس دلایا۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: مسائل و مشکلات کے باوجود نہ صرف ملی حقوق کے تحفظ، اتحاد و وحدت کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج کے لئے ہمہ وقت جدوجہد جاری ہے۔







