پاکستان میں پھنسے ہوئے طلاب حوزہ قم و نجف کے لیے بارڈرز کھول دیئے گئے
شیعیت نیوز : پاکستان میں پھنسے ہوئے حوزہ علمیہ قم و نجف کے طلاب کی ایران روانگی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئیں۔ زائرین کمیٹی پاکستان کی مشترکہ کوششوں اور جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان میں پھنسے ہوئے تمام طلاب اور ان کے اہل خانہ کو تفتان اور ریمدان بارڈرز کے ذریعے ایران میں داخل ہونے کی اجازت فراہم کر دی گئی۔
یہ تمام طلابِ دینی محرم الحرام میں تبلیغات کی غرض سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے تھے، جو ایران-اسرائیل جنگ کے بعد بارڈر کی بندش اور بعد ازاں اربعین کے موقع پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے عائد کردہ زمینی سفر پر پابندی کے باعث دوبارہ ایران یا عراق نہیں جا سکے تھے۔
واضح رہے کہ اربعین امام حسینؑ پر حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی زائرین کے زمینی سفر کے ذریعے ایران داخلے پر عائد پابندی کے نتیجے میں جہاں لاکھوں زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وہیں پاکستان میں پھنسے ہوئے سینکڑوں طلاب حوزہ نجف و قم بھی شدید ذہنی اذیت اور کوفت کا شکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے صدر مولانا سید ذیشان حیدر حسنی کی آغا علی رضا پناہیان سے ملاقات
الحمد للہ، زائرین کمیٹی جو کہ مجلس وحدت مسلمین کے چئیرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کراچی تا ریمدان بارڈر لانگ مارچ کے نتیجے میں حکومتِ پاکستان سے مذاکرات کے لیے تشکیل دی گئی تھی، انہیں مذاکرات کے سلسلے میں یہ اہم پیش رفت ہوئی اور آج حکومت پاکستان نے ان طلاب دینی کو پاکستان سے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔
یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ گزشتہ ہفتے جب حکومت سے مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تھا تو فوری طور پر حکومت نے بارڈر پر موجود بعض طلاب اور ان کے اہل خانہ کو تفتان اور ریمدان سے ایران میں داخل ہونے کی اجازت پہلے ہی فراہم کر دی تھی۔







