غزہ میں القسام بریگیڈ کا صہیونی فوج پر شدید حملہ، بکتر بند گاڑیاں تباہ
شیعیت نیوز : فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ مجاہدین نے غزہ کے شمالی علاقے محلہ زیتون میں قابض صہیونی فوج پر شدید حملہ کیا ہے، جس کے دوران دشمن کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
القسام بریگیڈز کے مطابق، کارروائی کے دوران مجاہدین نے پہلے سے نصب شدہ بارودی مواد کے ذریعے صہیونی فوج کی دو بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا اسرائیلی عزائم کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
بیان کے مطابق، صہیونی فوج کی ایک جدید بکتر بند گاڑی "نامر” کو بھی مقامی طور پر تیار کردہ "یاسین ۱۰۵” میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس سے گاڑی میں شدید دھماکہ ہوا۔
علاوہ ازیں، مجاہدین نے ان دو مکانات پر مارٹر حملے کیے جن میں صہیونی فوجی مورچہ زن تھے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد صہیونی اہلکار ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔ صہیونی فوج کی جانب سے تاحال اس کی تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔







