اربعین حسینی: اہلسنت زائر کا روح پرور سفر، "حسین سب کے” کے نعرے نے دل جیت لیا
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اہلسنت زائر ملک فلک شیر کا کہنا ہے کہ اربعین کا پیغام محبت اور قربانی پوری انسانیت کے لئے عظیم درس ہے

شیعیت نیوز : نجف سے کربلا تک اربعین حسینی کے موقع پر مشی کے دوران حوزہ نیوز کے نمائندے نے پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ایک اہلسنت زائر ملک فلک شیر سے خصوصی گفتگو کی۔
ملک فلک شیر نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ "میں کافی عرصے سے دعا کر رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ مجھے اہل بیتؑ کی زیارت کا شرف عطا فرمائے۔ آج جب یہ موقع ملا تو جسم کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ ’حسین سب کے‘ کا نعرہ سن کر دل کی گہرائیوں تک اثر ہوا۔”
انہوں نے کہا کہ اربعین کا یہ منظر دیکھ کر میں اخلاق، نظم و ضبط اور محبت سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ "آج کے دور میں بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ امام حسینؑ کا تعلق صرف شیعہ مذہب سے ہے، لیکن میں یہ کہوں گا کہ جس کا امام حسینؑ اور اہل بیتؑ سے تعلق نہیں، اس کا ایمان سے کوئی تعلق نہیں۔”
نجف سے کربلا پیدل سفر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ "یہ خالص عقیدت اور محبت کا اظہار ہے۔ محبت غالب آ جائے تو چاہے سفر میلوں کا ہو، انسان اسے طے کر لیتا ہے۔ ہم بھی نجف سے کربلا پیدل آئے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں چہلمِ امام حسینؑ پر غیر قانونی پابندیاں قابلِ مذمت ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
واپسی کے بعد اپنے پیغام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ "سب سے بڑا پیغام محبت کا ہے، کیونکہ محبت ہی سب کو قریب لاتی ہے اور تمام مشکلات کا حل ہے۔ میں نے یہاں اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ جگہ جگہ لوگ زائرین کی خدمت کے لئے منتیں اور سماجتیں کرتے ہیں، کھانے پیش کرتے ہیں۔ ایسا منظر اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہیں دیکھا۔”
حج اور اربعین کے سفر کے تقابلی جائزے پر انہوں نے کہا کہ "دونوں کی اپنی الگ اہمیت ہے، لیکن اربعین کا روحانی اثر اور قربانی کا پیغام پوری انسانیت کے لئے ایک عظیم درس ہے۔ یہاں سے یہ سبق ملتا ہے کہ اللہ کو راضی کرنا سب سے بڑی کامیابی ہے، چاہے اس کے لئے کتنی ہی بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔”
ملک فلک شیر نے آخر میں دعا کی کہ امام حسینؑ ان کی اس زیارت کو قبول فرمائیں اور کہا کہ "یہ میری زندگی کا سب سے بہترین لمحہ ہے۔”