پورا فلسطین، فلسطینی عوام ہے، مسلم حکمران متحد ہوں: حاجی حنیف طیب
شیعیت نیوز : نظام مصطفیٰ پارٹی کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ پورا فلسطین، فلسطینی عوام ہے، نیتن یاہو کا اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں بڑے پیمانے پر نئے فوجی آپریشن شروع کرکے غزہ پر فوجی قبضہ کرنے کی منظوری کا فیصلہ قابلِ مذمت ہے۔ اسرائیل کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حاجی حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان سمیت آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ، برطانیہ اور ساؤتھ افریقہ کے وزرائے خارجہ نے قابض اسرائیل کی کابینہ کی جانب سے غزہ میں وسیع فوجی جارحیت کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر کو قبضے میں لینے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس فیصلے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سکردو میں شہیدِ قائد کی 37ویں برسی — ملی وحدت کا تاریخی مظاہرہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے بحران پر بات چیت کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنا اچھا اقدام ہے، لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ 1947ء میں اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہوئی جس میں طے ہوا کہ فلسطینی آزاد ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے، مگر اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ اقوام متحدہ کو اپنی منظور کردہ قرارداد پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کو اسرائیل کو اس طرح کے اقدام سے باز رکھنا ہوگا۔
ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ غزہ کی عوام امت مسلمہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ مسلم حکمران او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر اسرائیلی اقدام کو روکنے کیلئے متفقہ اور جرأت مندانہ مؤقف اپنائیں۔ یہ ہمارا دینی، انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے۔







