جوہری معاملے پر فرانس اسرائیل نوازی کا مظاہرہ کررہا ہے، ایران
ایروانی کا اقوام متحدہ کو خط — اسرائیل کو NPT میں شامل کرنے اور عالمی نگرانی میں لانے کا مطالبہ

شیعیت نیوز: ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر سعید ایروانی نے فرانس کے حالیہ بیانات کو مایوس کن، منافقانہ اور حقائق کو مسخ کرنے والا قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش اور سلامتی کونسل کے صدر الوئی الفارو دی البا کو لکھے گئے خط میں سعید ایروانی نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن اور شفاف ہے، جبکہ فرانس خود جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے (NPT) کے آرٹیکل 6 کے تحت اپنے تخفیفِ اسلحہ کے وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
ایروانی نے الزام لگایا کہ فرانس نے اسرائیل کے خفیہ ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور آج تک اس پر کوئی تنقید نہیں کی اور نہ ہی اسے NPT میں شمولیت کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی کابینہ نے غزہ شہر پر مکمل کنٹرول کے منصوبے کی منظوری دے دی
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس نے 12 جون 2025 کو ایران کی IAEA کے تحت محفوظ ایٹمی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت نہیں کی، جو نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
ایروانی نے زور دیا کہ اگر فرانس واقعی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے لیے فکرمند ہے تو اسے دوہرے معیار ختم کرکے اسرائیل پر فوری طور پر NPT میں شمولیت اور اپنے ایٹمی پروگرام کو عالمی ایجنسی کی مکمل نگرانی میں دینے کا دباؤ ڈالنا چاہیے۔