زائرین کی پریشانی پر حکومت معذرت خواہ ہیں، وزیرِ مملکت طلال چوہدری

07 اگست, 2025 21:41

شیعیت نیوز : زائرینِ اربعین کو درپیش مشکلات پر وفاقی حکومت نے موقف اختیار کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ زمینی راستے کی بندش کی وجہ سے زائرین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر حکومت معذرت خواہ ہے۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ:

"زمینی راستے کی بندش صرف اس سال کے لیے ہے، آئندہ سال سے اربعین زائرین کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔”

انہوں نے بتایا کہ عراقی حکومت سے بات چیت کے بعد ویزے کی مدت میں توسیع پر پیش رفت ہو چکی ہے، اور:

"عراقی ویزہ کی میعاد 60 دن تک بڑھا دی جائے گی تاکہ زائرین کو زیادہ وقت اور سہولت میسر ہو۔”

طلال چوہدری نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ طالب علم جو بارڈرز پر موجود ہیں، انہیں فوری طور پر ایران بھجوایا جائے گا تاکہ ان کا مقدس سفر جاری رہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں : اربعین مارچ کے مطالبات منظور، حکومت کا خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

مزید برآں، وفاقی حکومت نے فضائی سفر کے حوالے سے متعدد اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ:

  • زائرین کو ایئر لائنز سے انتہائی رعایتی ٹکٹس دلوائے جائیں گے

  • جن زائرین کے پاس عراقی ویزہ موجود ہے اور وہ زمینی راستے سے جانا چاہتے تھے، ان کے لیے اسپیشل فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے

  • یہ آپریشن اربعین سے قبل شروع کر دیا جائے گا

  • کوشش کی جائے گی کہ ماہِ صفر میں تمام زائرین کو عراق پہنچا دیا جائے

زائرین کے مسائل کے مستقل حل کے لیے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام وعدوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی اور حکومتی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت زائرین کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور تمام اقدامات کو بروقت عملی شکل دی جائے گی۔

4:40 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔