اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

گورنر سندھ سے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی ملاقات زائرین کی مشکلات پر اہم گفتگو

حکومت غریب زائرین کے اربوں روپے داؤ پر نہ لگائے، ہم مذہبی فریضے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ صادق جعفری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد اربعین امام حسینؑ کے موقع پر عراق بذریعہ سڑک جانے والے زائرین کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرنا تھا۔

وفد نے گورنر سندھ کو آگاہ کیا کہ ملک بھر سے لاکھوں زائرین، جو زیادہ تر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، پہلے ہی ٹرانسپورٹ، ویزا، ہوٹل بُکنگ اور دیگر سفری اخراجات کی مد میں اربوں روپے خرچ کر چکے ہیں۔ علامہ صادق جعفری نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سہ ملکی اربعین زائرین سے متعلق اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : ہم حسینی ہیں، اربعین کو سیاست کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

علامہ صادق جعفری نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہونے کے بعد صرف ایک ٹویٹ کے ذریعے زائرین کے زمینی سفر پر پابندی کا اعلان، حکومتی غیر سنجیدگی اور بداعتمادی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس فیصلے نے غریب زائرین کے اربوں روپے داؤ پر لگا دیے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ زیارت امام حسینؑ ہمارا مذہبی فریضہ ہے اور ہم کسی صورت اس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ زائرین ہر حال میں ریمدان بارڈر کی طرف روانہ ہوں گے۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ زائرین کو سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کرے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے گریز کرے۔

وفد نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ آئینی کردار ادا کرتے ہوئے اس مسئلے کے پرامن حل میں مؤثر کردار ادا کریں۔ علامہ صادق جعفری نے زور دیا کہ یہ تحریک کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں، بلکہ خالصتاً مذہبی عقیدے کی بنیاد پر ہے، جس سے پیچھے ہٹنا ممکن نہیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وفد کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا:
“میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اس مسئلے کے حل کے لیے دو سو فیصد کوشش کروں گا اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے اسے احسن انداز میں سلجھانے کی کوشش کی جائے گی۔”

ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنماؤں میں رضی حیدر رضوی، مولانا حیات عباس جعفری اور کاظم عباس شامل تھے، جبکہ گورنر سندھ کے ہمراہ ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button