قسام بریگیڈ کا بڑا حملہ: جبالیا میں صہیونی مرکاوا ٹینک تباہ
فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے حملے تیز، قابض فوج کو مسلسل نقصان کا سامنا

شیعیت نیوز: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ عزالدین قسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے شمالی جبالیا کے علاقے قصاصیب میں صہیونی افواج کے ایک مرکاوا ٹینک کو ایک انتہائی طاقتور بم کے ذریعے تباہ کر دیا ہے۔
تنظیم کے مطابق، حملے کے فوراً بعد صہیونی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچا اور ہلاک و زخمی فوجیوں کو فوری طور پر علاقے سے نکال لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی وزارت خارجہ نے مغربی الزامات کو مضحکہ خیز قرار دے دیا
یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب دو روز قبل فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کی عسکری شاخ قدس بریگیڈ نے بھی غزہ میں ایک مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
فلسطینی مزاحمتی گروہ روزانہ کی بنیاد پر غزہ میں قابض صہیونی افواج کو بھاری جانی و مادی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کارروائیوں سے نہ صرف اسرائیلی عسکری حکمت عملی کو چیلنج کیا جا رہا ہے، بلکہ غزہ میں قابض فورسز کے حوصلے بھی پست ہو رہے ہیں۔