ایرانی وزارت خارجہ نے مغربی الزامات کو مضحکہ خیز قرار دے دیا
اسماعیل بقائی نے کہا: ایران مخالف بیان دراصل اسرائیلی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے

شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ نے مغربی ممالک کے الزامات کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ اور دیگر 12 مغربی ممالک نے 31 جولائی کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں یورپ اور شمالی امریکا میں ایران کی مبینہ ریاستی حمایت یافتہ مشکوک سرگرمیوں اور خطرات کی مذمت کی گئی تھی۔
اس کے جواب میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیہودہ اور مضحکہ خیز الزامات اصل مجرموں سے توجہ ہٹانے اور رائے عامہ کو اسرائیل کی فلسطین میں جاری نسل کشی جیسے اہم مسئلے سے غافل کرنے کی کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی ریاست کے قیام کے وعدے ایک نیا فریب، اصل مقصد مزاحمت کا خاتمہ ہے: معروف عرب مبصر
ترجمان نے کہا کہ امریکہ، فرانس اور دیگر ممالک کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اپنا احتساب کرنا چاہیے کیونکہ وہ خود دہشت گرد اور تشدد پسند گروہوں کو سپورٹ اور حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت اور غزہ میں جاری نسل کشی کا بھی حوالہ دیا، جس پر مذکورہ ممالک نے یا تو خاموشی اختیار کی یا اس کی پشت پناہی کی۔
ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف یہ الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں جو ایران مخالف مہم اور ایران فوبیا کو ہوا دینے کے لیے گھڑے گئے ہیں تاکہ ایرانی عوام پر دباؤ ڈالا جاسکے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی طرز عمل پر ان ممالک کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایران کے خلاف یہ مشترکہ بیان امریکہ، برطانیہ، البانیہ، آسٹریا، بیلجیم، کینیڈا، چیک ریپبلک، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، اسپین اور سویڈن نے جاری کیا تھا۔