امام حسینؑ پر رونا بہترین نیکی ہے، حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی
عقل کی بنیاد پر ہی انسان ترقی کرتا ہے اور شہداء عقل سلیم کا نمونہ ہوتے ہیں، دینی اسکالر کا خطاب

شیعیت نیوز : معروف دینی اسکالر حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے امام حسینؑ پر رونے کو بہترین نیکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل انسان کو روحانی بلندی اور سچائی کے راستے پر گامزن کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عقل وہ نعمت ہے جس نے انسان کو باقی مخلوقات پر برتری عطا کی ہے اور انسان عقل کی بنیاد پر ترقی کرتا ہے، صاحبِ اختیار بنتا ہے اور حتیٰ کہ دوسروں کا کفیل بھی ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید اسماعیل ہنیہ کی برسی، حماس کا 3 اگست کو یومِ حمایت بیت المقدس منانے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ شہداء درحقیقت عقل سلیم سے فیض یاب افراد ہوتے ہیں، جنہوں نے اپنی جانیں خدا کے راستے میں قربان کر کے کمال کی معراج حاصل کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عقل انسان کو تین بڑے سوالات کی طرف لے جاتی ہے: ہم کہاں سے آئے؟ کہاں جا رہے ہیں؟ اور کس راستے پر ہیں؟ جب انسان ان سوالات پر غور کرتا ہے، تبھی وہ سچائی اور ترقی کی طرف بڑھتا ہے۔
انہوں نے حدیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم (ص) نے فرمایا کہ واجبات کی ادائیگی سے پہلے اس بات کا خیال رکھو کہ تم دنیا میں گمراہی یا الجھن کا شکار نہ ہو جاؤ اور اس کا راستہ قرآن اور اہل بیتؑ سے وابستگی ہے۔