نوجوان دینِ مبین، نظریۂ ولایت اور راہِ استقامت پر ثابت قدم رہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس کا نوجوانوں کو نظریہ ولایت پر استقامت اور ملت کے لیے کردار ادا کرنے کی تلقین

شیعیت نیوز : وحدت یوتھ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ دینی و نظریاتی سمر کیمپ کی اختتامی تقریب اسلام آباد میں شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ملک بھر سے نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کیمپ کے شرکاء کو فکری و روحانی تربیت، نظریاتی آگہی، اور تحریکی شعور سے آراستہ کیا گیا۔
اس موقع پر مختلف علمی، فکری اور عملی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا۔ حضرت عباسؑ گروپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمود قمبر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جنہیں ایران و عراق کی مقدس زیارات کا تحفہ پیش کیا گیا۔ یہ انعام قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دستِ مبارک سے عطا کیا۔
اسی طرح حضرت شہزادہ قاسمؑ گروپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوان محسن رضا کو مشہد مقدس اور قم کی زیارات کے سفر سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : زائرین پر پابندی افسوسناک ہے، فوری نظر ثانی کی جائے: شبیر ساجدی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نوجوانوں کو دینِ مبین، نظریۂ ولایت اور راہِ استقامت پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وحدت یوتھ پاکستان کے سمر کیمپس ملتِ تشیع کے نوجوانوں کو فکری، روحانی اور تحریکی میدانوں میں منظم اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنے کی ایک منظم کوشش ہیں، جو قوم و ملت کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔
اختتامی تقریب میں مرکزی سیکریٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ تصور علی مہدی، مرکزی صدر وحدت یوتھ پاکستان سید یاور علی کاظمی، مرکزی نائب صدر مولانا راجہ مصطفیٰ حیدر نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے وحدت یوتھ پاکستان کی اس کاوش کو سراہا اور اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔