برازیل کا عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمے میں شامل ہونے کا فیصلہ
اس اقدام کا مقصد نہ صرف عالمی انصاف کو تقویت دینا ہے بلکہ ان مظالم کے خلاف بین الاقوامی ردعمل میں مؤثر کردار ادا کرنا بھی ہے۔

شیعیت نیوز : برازیل کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ برازیل بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جاری غزہ میں نسل کشی کے مقدمے میں شامل ہونے کے لیے آخری مراحل میں ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، برازیلی حکومت باضابطہ درخواست پیش کرنے کی حتمی تیاری کر رہی ہے تاکہ فلسطینی عوام کے خلاف غزہ میں جاری جرائم پر عالمی عدالتی کارروائی کا حصہ بن سکے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عالمی انصاف کو تقویت دینا ہے بلکہ ان مظالم کے خلاف بین الاقوامی ردعمل میں مؤثر کردار ادا کرنا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کفریونا میں فلسطینی کارروائی، بس اسٹاپ پر 9 اسرائیلی فوجی کچلے گئے
برازیلی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں جاری مسلسل انسانی المیوں پر مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔ اسرائیلی حملوں میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کی شہادت اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔
برازیل کا یہ ممکنہ اقدام جنوبی افریقا کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کو تقویت دے گا، جس میں اسرائیل پر نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مبصرین کے مطابق، برازیل کی شمولیت مقدمے کو عالمی سطح پر مزید اعتبار اور حمایت فراہم کرے گی اور اسرائیل پر دباؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔