علامہ سید ساجد علی نقوی کی مولانا فضل الرحمٰن سے اہم ملاقات، ملک میں اتحاد امت اور امن پر زور
شیعیت نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی مذہبی و سیاسی صورتحال، اتحاد امت، فرقہ واریت کے خاتمے، دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد، فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں فرقہ واریت کی سرکوبی، بین المسالک ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ دہشت گردی کو ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس کے خلاف مؤثر اور مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم اور جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اور مسلم اُمہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت میں یکجا ہو کر مؤثر آواز بلند کرے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم لشکر جھنگوی مولوی کے ہاتھوں مدرسے میں بچے کی موت کی داستان، کلاس فیلو کی زبانی
کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل یقینی بنائے۔
ملاقات میں مرکزی نائب صدر شیعہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ عارف حسین واحدی، محترم اسلم غوری، محترم اویس نورانی، حافظ عبد الکریم سمیت دیگر شخصیات شریک تھیں۔







