گلگت بلتستان کے گلیشیئرز شدید خطرے میں، ماحولیاتی بحران پر اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کا انتباہ
شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان میں سب سے زیادہ متاثر گلگت بلتستان ہو رہا ہے۔ گلیشیئرز پاکستان کے واٹر ٹاورز ہیں اور اس وقت یہ شدید خطرات کی زد میں ہیں۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں کبھی گلگت بلتستان کی ماحولیاتی تبدیلی شامل نہیں رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی پورٹ فولیو رکھنے والے علاقے گلگت بلتستان میں فلڈ کمیشن کی جانب سے کوئی بڑا منصوبہ موجود نہیں جو ماحولیاتی تحفظ اور سیلابوں کو روکنے کے لیے ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم لشکر جھنگوی کے مولوی کی دس سالہ بچے سے 100 سے زائد بار زیادتی
کاظم میثم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کا پگھلاؤ، دریائی کٹاؤ، موسمیاتی تبدیلی اور طوفانی سیلاب نہ صرف جی بی بلکہ پورے پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں۔ پنجاب کی آبپاشی کا 80 فی صد انحصار دریائے سندھ پر ہے، جس کے منابع گلگت بلتستان کے گلیشیئرز ہیں۔ اگر گلیشیئرز کے پگھلاؤ کو نہ روکا گیا تو مستقبل میں شدید فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے اور پنجاب کی زرخیز زمینیں بنجر ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جی بی میں ڈی فارسٹریشن کو روکنے کے لیے متبادل ایندھن کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ حالیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کو اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا کر فوری عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ گلگت بلتستان میں ریسکیو کا ادارہ اور جی بی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خود شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ ان دونوں اداروں کو وفاقی سطح پر وسائل فراہم کیے جائیں اور تمام متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر فوری معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی بحالی ممکن ہو سکے۔







