آئی ایس او کا سبیلِ حسینؑ پر منفرد اقدام: شہریوں میں پودے بھی تقسیم
شیعیت نیوز : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملک کو آلودگی سے پاک اور سرسبز بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ لاہور میں وحدت روڈ پر پنجاب یونیورسٹی کے باہر سبیلِ امام حسینؑ کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں میں شربت کے ساتھ ساتھ پودے بھی تقسیم کیے گئے۔
آئی ایس او پاکستان پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے کارکنوں نے شرکاء میں درختوں کی اہمیت اُجاگر کی اور صفائی کا پیغام بھی دیا۔ پنجاب یونیورسٹی شہید مطہری یونٹ کے کارکنان نے خصوصی طور پر سبیل پر شربت کے ساتھ پودے رکھے اور آنے والے شہریوں میں تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں : امام زین العابدین ؑ نے دعا و کردار سے یزیدیت کو بے نقاب کیا، علامہ ساجد علی نقوی
منتظمین نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ درخت لگا کر آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے اور ماحول کو سرسبز بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج سے بہت سے مسائل جنم لے رہے ہیں، سیلاب اور بے وقت بارشیں خطے کو متاثر کر رہی ہیں، ایسے وقت میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سید ہاشم بخاری نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ ہر شہری اگر اپنا فرض سمجھتے ہوئے ایک درخت بھی لگائے تو ہم ملک کو نہ صرف خوبصورت بنا سکتے ہیں بلکہ ماحول کو بھی آلودگی سے پاک کر سکتے ہیں۔
سینئر صحافی نذیر بھٹی اور توقیر کھرل نے بھی سبیل کا دورہ کیا اور شہریوں میں پودے تقسیم کیے۔ نذیر بھٹی نے آئی ایس او کی جانب سے پودے تقسیم کرنے کے عمل کو سراہا۔







