بلوچستان: سرہ ڈاکئی میں مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کر دیا گیا، 9 شہید

12 جولائی, 2025 01:18

شیعیت نیوز : پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں دہشتگردوں نے ایک سفاکانہ کارروائی میں پنجاب جانے والی بسوں کو روک کر مسافروں کو شناخت کے بعد اتار کر 9 پاکستانیوں کو قتل کر دیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی کھلی درندگی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ لورالائی اور موسیٰ خیل کے درمیان قومی شاہراہ پر سرہ ڈاکئی کے مقام پر پیش آیا، دہشت گردوں نے مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے، جس کے بعد مخصوص مسافروں کو نیچے اتار کر انہیں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔

دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والوں میں دو سگے بھائی عثمان اور جابر بھی شامل تھے۔ شہداء کے بھائی صابر نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کل ان کے والد کا انتقال ہوا تھا، آج صبح 9 بجے ان کا نماز جنازہ تھا، جس میں شرکت کے لیے دونوں بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ پنجاب واپس آ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم لشکر جھنگوی کے مولوی کی بچے کے ساتھ بدفعلی، مولوی جہنم واصل

شاہد رند کے مطابق یہ واقعہ دشمن کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے، جو پاکستان کے امن، استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز نے لورالائی پہنچ کر بسوں کو روکنے کے واقعے سے متعلق انتظامیہ کو بتایا، سیکیورٹی فورسز نے فوری ردِعمل کا مظاہرہ کیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کا تعاقب شروع کر دیا۔

ترجمان بلوچستان کے مطابق دہشت گردوں نے سرہ ڈاکئی کے علاوہ قلات اور مستونگ میں بھی حملے کیے، تینوں مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز کا ان کے تعاقب میں آپریشن بدستور جاری ہے۔

متاثرہ علاقے میں بھرپور سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔

شاہد رند نے مزید کہا کہ اس بزدلانہ حملے سے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، بلوچستان کے عوام دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس دہشت گرد حملے کو پاکستان کے امن، سلامتی اور اتحاد پر حملہ تصور کیا جاتا ہے، اور ریاست دشمن عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔

10:36 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔