سندھ پولیس کی عزاداری امام حسینؑ اور رہبر معظم کی تصاویر کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے: علامہ مبشر حسن
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسینؑ ہماری شہ رگِ حیات ہے، سندھ پولیس کی جانب سے عزاداری کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے کل رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر کو پھاڑا گیا اور ان کی بے حرمتی کی گئی۔ اس کے علاوہ امام حسینؑ کے نام اور اقوال پر مشتمل بینرز بھی پھاڑ دیئے گئے، جو ایک سوچی سمجھی توہین آمیز حرکت ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ آج اردو یونیورسٹی میں امام حسینؑ کی یاد میں لگائی گئی سبیل پر پولیس اہلکاروں نے حملہ کیا اور طلبہ پر تشدد کیا، جو انتہائی ناقابل برداشت عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محرم میں کراچی انتظامیہ مکمل ناکام، مجالس و جلوس کے روٹس پر بدترین صورتحال ہے: علامہ علی انور جعفری
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فوری طور پر عزاداری امام حسینؑ کے خلاف اس سازش کا نوٹس لے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ ان افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، انہیں معطل کیا جائے اور قوم کو ان یزیدی صفت افسران کی نشاندہی کی جائے جو عزاداری امام حسینؑ کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔







