محرم میں کراچی انتظامیہ مکمل ناکام، مجالس و جلوس کے روٹس پر بدترین صورتحال ہے: علامہ علی انور جعفری
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ عزاداری ونگ کے صدر علامہ سید علی انور جعفری نے کہا ہے کہ آغازِ ماہِ محرم الحرام سے اب تک صوبائی و شہری حکومت کی نااہلی جاری ہے۔ شہر کی مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے سامنے مون سون بارشوں کے بعد سیوریج کا پانی جمع ہے، جبکہ شہری و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور بجلی کی فراہمی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات دیکھنے میں نہیں آ رہے۔
انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی ایک نااہل شخص ہے، ملک پر ناکام اور نااہل لوگ حکمرانی کر رہے ہیں، جو شہری مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 17 سال سے سندھ پر حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی نے معاشی حب کراچی کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ موجودہ صوبائی بجٹ میں عوامی فلاح کے بجائے حکمرانوں کے اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر کراچی کھنڈر بن چکا ہے اور پیپلز پارٹی نے فارم 47 کے ذریعے جعلی مینڈیٹ کے حامل میئر کو عوام پر مسلط کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عزاداری پر کوئی قدغن قبول نہیں، مذہبی آزادی آئینی حق ہے: مجلس وحدت مسلمین
علامہ علی انور جعفری نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوس ہائے عزا کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک ظالم ادارہ بن چکا ہے جو اوور بلنگ اور ناجائز ٹیکسوں کے ذریعے عوام کا معاشی قتل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایام عزاء کے دوران شہر بھر میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ سمندر کے کنارے واقع شہر آج پینے کے پانی سے محروم ہے، ٹینکر مافیا کا راج ہے، اور عوام کو فلٹر پلانٹس سے پانی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی و صوبائی بجٹ ظالمانہ اور عوام دشمن ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ بجٹ عوام دشمن عناصر نے تیار کیا ہے۔ کمزور طبقہ مزید بدحالی کا شکار ہے۔ حکومتی دعووں کے برعکس حکمران مراعات اور عیاشیوں میں مگن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں کہیں بھی کسی پارٹی کا نمائندہ ترقیاتی کام کرتا دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے ان حکمرانوں کو فارم 47 والے حکمران قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے اور یہ آج شہریوں سے انتقام لے رہے ہیں۔
علامہ سید علی انور جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں عشرہ محرم الحرام کے دوران منعقدہ مجالس و جلوس عزا کے روٹس پر فوری بنیادوں پر صفائی، روشنی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔







