آیت اللہ حسینی حائری کا پیغام: رہبر معظم پر حملہ امت اسلام پر حملہ تصور ہوگا
شیعیت نیوز : نجف اشرف کے مرجع تقلید اور بزرگ عالم دین حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی اکبر حسینی حائری نے امریکی صدر اور صہیونی حکومت کے سربراہوں کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی اور شیعہ مرجعیت کو دی گئی خطرناک دھمکیوں کے بعد ایک تاریخی اور بصیرت افروز پیغام جاری کیا، جو حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
﴿وَمَن يَتَوَلَّ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَالَّذِينَ آمَنُوا فَإِنَّ حِزْبَ اللَّهِ هُمُ الْغَالِبُونَ﴾ (المائدہ: 56)
حالیہ دنوں میں امریکہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملوں میں شدت آئی ہے۔ ہم اس غاصب اور مردود حکومت کی مقدس ایرانی سرزمین پر وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ یہ جارحیت، جو بین الاقوامی اور الہی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، نہ صرف مسلم اقوام کی عزت کی توہین ہے بلکہ اسلامی اور انسانی اقدار کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 12 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی دھمکی دی گئی تھی؛ نیتن یاہو کو منہ توڑ جواب ملا، لاریجانی
دوسری طرف، رہبر معظم انقلاب کے خلاف کھلی دھمکیوں کے حوالے سے ہم اعلان کرتے ہیں کہ ان پر کسی بھی قسم کا حملہ، پوری امت اسلامیہ پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ کیونکہ وہ نہ صرف ایک ملک کی سیاسی قیادت کر رہے ہیں بلکہ دینی اعتبار سے امت اسلامی کی مرجعیت کے عہدے پر فائز ہیں اور استکباری طاقتوں کے خلاف اسلامی مزاحمت، وحدت اور جہاد کی علامت ہیں۔
لہٰذا ہم امریکہ اور صہیونی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اس جارحانہ اور نادانانہ روش کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے۔ امت اسلامیہ کبھی یہ برداشت نہیں کرے گی کہ اس کی دینی و سیاسی قیادت کی حرمت کو پامال کیا جائے۔ جو بھی کسی بھی منصب پر ہو، اگر ولی فقیہ کی شان و حیثیت کو مجروح کرے گا، تو امت کا جواب شدید اور ناقابلِ برداشت ہوگا۔
ہم، اپنی دینی و شرعی ذمہ داری کے تحت، دنیا بھر کے مسلمانوں اور آزاد انسانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا موقف واضح کریں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم اہداف کے حصول کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ قیادت یعنی امام خامنہ ای (مدظلہ العالی) کا ساتھ دیں۔
ہم اسلامی جمہوریہ ایران، اس کے مجاہد عوام اور اس کے حکیم و مدبر رہبر کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ یا سازش، بری طرح ناکام ہوگی۔ دشمن کی ماضی کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی وہ ذلیل و رسوا ہوں گے۔
﴿إِنَّا لَنَنصُرُ رُسُلَنَا وَالَّذِينَ آمَنُوا فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَيَوْمَ يَقُومُ الْأَشْهَادُ﴾
اللہ اکبر! دشمنان دین مردہ باد، مستکبروں اور ستمگروں پر ہمیشہ لعنت۔
دفتر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی اکبر حسینی حائری
27 ذی الحجہ 1446 ہجری، بمطابق 23 جون 2025 عیسوی







