ایران و وینزویلا عالمی استکبار کے خلاف متحد ہیں، قالیباف
کراکس میں ایرانی اسپیکر کا شاندار استقبال، وینزویلا نے ایران کو امن کا ضامن قرار دیا

شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور وینزویلا "عالمی استکبار” کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی دشمنوں اور مشترکہ اتحادیوں کے باعث اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وینزویلا کے دارالحکومت کراکس پہنچنے پر ایرانی وفد کا سرکاری استقبال کیا گیا۔ وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان کیل پینٹو اور اعلیٰ حکام نے ایرانی پارلیمانی سربراہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
کراکس ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمدباقر قالیباف نے ایران اور وینزویلا کو عالمی استکبار کے خلاف طویل جنگ میں ایک دوسرے کا حامی اور شریک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو تسلط پسند طاقتوں سے لاحق خطرات کا بھرپور ادراک ہے، اس لیے انہیں باہمی اتحاد کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں روک دیں، مشرق وسطیٰ میں سفارتی راستے کھلنے کا امکان
اس موقع پر وینزویلا کے وزیر خارجہ پینٹو نے اسلامی جمہوریہ ایران کو امن کا ضامن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے گزشتہ 46 برسوں میں تمام تر دباؤ، پابندیوں اور حتیٰ کہ جنگ کا سامنا کیا، مگر ہمیشہ مزاحمت کی اور کامیاب رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی کامیابی، وینزویلا کی کامیابی ہے، اور امریکہ نے ایران کے خلاف سب کچھ آزما لیا، لیکن ناکام رہا۔
استقبالیہ تقریب کے بعد ایرانی وفد نے جنوبی امریکہ کے انقلابی رہنما سیمون بولیوار کے مزار پر حاضری دی۔ اسپیکر قالیباف نے مہمانوں کی یادداشت میں تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بولیوار کو نوآبادیاتی تسلط کے خلاف جدوجہد کرنے والا عظیم انقلابی اور آزادی کا عالمی استعارہ قرار دیا۔