امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں روک دیں، مشرق وسطیٰ میں سفارتی راستے کھلنے کا امکان
پالیسی جمود، نیشنل سیکورٹی کونسل میں تبدیلیاں اور سفارت کاری کا نیا موڑ

شیعیت نیوز : امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے عمل کو فی الحال روک دیا ہے، یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ ہدایات کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سابق صدر ٹرمپ کے دور میں ایران پر "زیادہ سے زیادہ دباؤ” کی جو پالیسی اپنائی گئی تھی، وہ اب موجودہ انتظامیہ کے تحت تقریباً جمود کا شکار ہوچکی ہے اور اس میں مزید سختی کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے قومی سلامتی کونسل، محکمہ خزانہ، محکمہ خارجہ سمیت مشرق وسطیٰ امور پر کام کرنے والے تمام اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ایران پر فی الحال کسی نئی پابندی سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا بوشہر ایٹمی پلانٹ دوبارہ بجلی کی پیداوار کے لیے تیار
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اندرونی ڈھانچے میں تبدیلیوں، نیشنل سیکورٹی کونسل کے 100 سے زائد ارکان کی رخصتی اور پالیسی سازی میں غیر یقینی کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس امریکی پالیسی میں تبدیلی سے خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی مواقع بڑھنے کی امید ہے، جو مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔