علامہ اشفاق وحیدی کا چک بیلی خان کا دورہ، عزاداری کے تحفظ اور وحدت پر زور
ہم عزاداری کے لیے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، مومنین کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے تحصیل چک بیلی خان کا دورہ کیا ہے۔ جس کے دوران انہوں نے ماتمی سنگت کے سالار اور بانی مجلس مرحوم غلام مرتضیٰ کے انتقال پر ان کے بیٹے کاشف عباس اور لواحقین کو تعزیت پیش کی اور مرحوم کے درجات میں بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے ماتمیوں، بانیانِ مجالس اور تنظیمی دوستوں سے مفصل ملاقات کی۔ جناب عرفان حیدر جعفری نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما کا استقبال کیا اور مومنین نے علاقے کے تمام مسائل سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ شبیر میثمی کی سالار حضرات سے مشاورتی نشست، زیارات پالیسی اور زائرین کے مسائل پر گفتگو
علامہ اشفاق وحیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: عزاداری امام حسین (ع) کے لیے ہم سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں مل کر عزاداری مظلوم کربلا برپا کرنے کے لیے جدوجہد کرنی چاہئے۔
رہنما شیعہ علماء کونسل نے مومنین کو عزاداری کے مسائل و مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے اور اتحاد و وحدت، امن و امان برقرار رکھنے کی بھی تلقین کی۔
قابل ذکر ہے کہ چک بیلی خان، ضلع راولپنڈی، پنجاب، پاکستان کا ایک علاقہ اور یونین کونسل ہے جو ایک بڑی آبادی کا مرکز ہے۔ یہ پوٹھوہار سطح مرتفع میں دریائے سوان کے قریب واقع ہے۔ چک بیلی خان ایک بہت بڑا تجارتی مرکز ہے۔ اس کا شمار ضلع راولپنڈی کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔