علامہ مقصود ڈومکی کی گورنر بلوچستان سے ملاقات، زائرین کی مشکلات پر اہم گفتگو

14 مئی, 2025 19:35

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی رہنماء و نصاب تعلیم کمیٹی کے کنوینیئر علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی قیادت میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حال ہی میں کوئٹہ میں ایک صوبائی تعلیمی نصاب کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، ماہرین تعلیم، اسکول، کالج، یونیورسٹی اور مدارس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس میں متفقہ طور پر موجودہ متنازعہ نصاب تعلیم کو مسترد کیا گیا اور 1975 کا متفقہ قومی نصاب بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

گزارش ہے کہ اس عوامی مسئلے پر وفاق سے بات کریں اور نصاب تعلیم کی اصلاح کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ہر سال ہزاروں زائرین ایران اور عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کے لئے رمدان اور تفتان بارڈر سے سفر کرتے ہیں۔

لیکن بدقسمتی سے رمدان اور تفتان زائرین ہاؤس میں صفائی، پانی، خوراک اور آرام دہ جگہوں کی شدید کمی ہے، جبکہ سکیورٹی کے نام پر کئی روز انہیں غیر ضروری طور پر روکے رکھا جاتا ہے، جس سے خواتین، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔

انہوں نے گزارش کی کہ تفتان بارڈر پر سہولیات میں فوری بہتری لائی جائے۔

زائرین کو بلاوجہ روکنے کے بجائے مؤثر اور تیز تر کلیئرنس کا نظام متعارف کرایا جائے۔

خوراک، صحت اور قیام کی بنیادی ضروریات کا بندوبست کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : آپریشن سندور کے دوران بھارت پر پاکستانی سائبر حملے، بھارتی نظام ہل کر رہ گیا

تفتان میں بعض سرکاری اہلکار انتہائی متعصب ہوتے ہیں جو زائرین کے ساتھ بداخلاقی سے پیش آتے ہیں۔

ان کی جگہ خوش اخلاق عملہ تعینات کیا جائے۔

بلوچستان کے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ غلام حسنین وجدانی کو عمرہ سے واپسی کے دوران سعودی عرب میں ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے حراست میں لیا ہے۔

تقریباً ایک مہینہ گزرنے کے باوجود ان کی گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

گزارش ہے کہ حکومت پاکستان، خاص طور پر آپ کی توسط سے سعودی سفیر اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر رابطہ کرے تاکہ علامہ صاحب کی رہائی ممکن بنائی جا سکے اور ان کے اہل خانہ کی پریشانی کا ازالہ ہو۔

وفد نے گورنر بلوچستان کو صوبائی نصاب کانفرنس کی متفقہ قرارداد بھی پیش کی اور مطالبہ کیا کہ 1975 کا متفقہ قومی نصاب بحال کیا جائے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جناب شیخ جعفر خان مندوخیل نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی باتوں کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کے حل کے لئے وہ بھرپور تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دینی طبقات، مدارس اور زائرین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر گورنر بلوچستان کو عالم اسلام کے جید عالم دین علامہ جلال الدین سیوطی کی کتاب احیاء المیت فی فضائل اہل البیتؑ اور ہزارہ قوم کی تاریخ پر مبنی کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

12:50 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔