پاراچنار میں محکمہ ثقافت کی جانب سے مشاعرے کا اہتمام، ضلع بھر سے شعراء شریک
شیعیت نیوز : پاراچنار میں خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام امن مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے شعرا شریک ہوئے اور امن کے حوالے سے اشعار پیش کئے گئے۔
گورنر کاٹیچ پاراچنار میں خیبر پختونخوا کلچر اور ٹورزم ڈیپارٹمنٹ اور سپین غر ادبی جرگہ کی اشتراک سے امن کے حوالے سے مشاعرے کا انعقاد ہوا۔
جس میں اپر کرم لوئر اور سنٹرل کرم کے شعراء کے علاؤہ ضلعی انتظامیہ، سماجی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
امن مشاعرے میں فخری بنگش، صابر بنگش، ناصر علی طوری، یوسف گیلامن، عدنان احمد، مرتضیٰ بنگش، یوسف مرنج اور دیگر شعراء نے امن کے حوالے سے خوبصورت اشعار پیش کئے جبکہ بعض شعرا نے ترنم کیساتھ اشعار پیش کرکے ماحول بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ علماء محاذ کے زیراہتمام قیام اسرائیل کے خلاف 15 مئی یوم نکبہ کی مناسبت سے منایا جائے گا
اسسٹنٹ کمشنر پاراچنار خالد عمران نے اپنے مخصوص اور خوبصورت انداز میں اشعار پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر جمیل کاظمی، عبد الخالق پٹھان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر نواز نے امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن ہر ذی روح کی ضرورت ہے۔
وقت آگیا ہے کہ ہم آپسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنی آنے والی نسلوں کو امن کی فضا مہیا کریں۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا درست استعمال کرکے اپنے علاقے کا مثبت امیج دنیا کو دکھائیں۔
بعد ازاں سپین غر ادبی جرگہ کے صدر نور زمان خفگانی نے مہمانوں اور شرکا اور خصوصاً خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔







