ملتان: جے ایس او کے زیر اہتمام "پاک فوج زندہ باد” ریلی، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم
جے ایس او کی "پاک فوج زندہ باد" ریلی، قائد ملت جعفریہ کی اپیل پر ملک بھر میں اظہارِ یکجہتی

شیعیت نیوز : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر پاک آرمی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں "یومِ دفاعِ وطن” منایا گیا اور پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قیامِ امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جے ایس او کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے "پاک فوج زندہ باد” ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید کاشف ظہور نقوی، مولانا علی سجاد نقوی، جے ایس او کے مرکزی صدر محمد اکبر، بشارت عباس قریشی، الطاف جعفری اور مجاہد حسین نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں پر شب خون مارا اور بے گناہ انسانوں کا خون بہایا، جو قابلِ مذمت ہے۔ بھارتی حکومت کو اس پر شرم آنی چاہیے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی عوام اور میڈیا بھی مودی سرکار پر لعن طعن کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر حملہ مودی کی بہت بڑی غلطی ہے، دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے، آیت اللہ ریاض نجفی
مقررین نے مزید کہا کہ پاک فوج خطے کے امن کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے جس پر عالمی برادری نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ پاک فوج نے جس جرات و بہادری سے دشمن کے طیارے مار گرائے، اس سے دنیا بھر میں افواجِ پاکستان کا مورال بلند ہوا ہے۔ پاک فوج لاکھوں میں نہیں بلکہ 24 کروڑ ہے، جس کا ہر جوان ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک آرمی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ہر کارکن ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ ہم دشمن کی نیند حرام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور دشمن کے دلوں میں ایسا خوف پیدا کریں گے کہ وہ سرحدوں سے دور نظر آئے گا اور پاکستان کا نام لیتے ہوئے بھی ڈرے گا۔