بھارت نے حملہ کر کے سنگین غلطی کی ہے، ہم نعرۂ تکبیر والے ہیں، علامہ ریاض نجفی
وفاق المدارس کے صدر کا مسلح افواج سے اظہار یکجہتی، مظلوموں کیلئے بھرپور آواز

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ جنگ پاکستان اور بھارت دونوں کے عوام کے مفاد میں نہیں۔ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اس حوالے سے مسلح افواج کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے اور یقین دلاتے ہیں کہ قوم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ دشمن کو بھرپور جواب دے کر اس کا حساب برابر کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارا چنار مسئلے کے حل کیلئے ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کا اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دینے پر اتفاق
انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتشار پسندی تو بہت پرانی ہے لیکن جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا ہے وہ ہندوتوا نظریے کے تحت کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں، سکھوں اور مسیحیوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ ان کی عبادت گاہوں کو مسمار کیا جا رہا ہے، انہیں عبادت کی اجازت نہیں۔ پاکستان پر حملہ کرکے مودی نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ گاؤ ماتا کے پجاری کو اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ ہم معبودِ الٰہی کی عبادت پر یقین رکھتے ہیں اور نعرۂ تکبیر والے ہیں، موت سے نہیں ڈرتے، موت ہمارے لیے شہادت کا درجہ رکھتی ہے۔
حافظ ریاض نجفی نے میزائل حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔