غزہ کے مظلوم مزدوروں کے لیے بھی یومِ مزدور جیسا دن منسوب کیا جائے، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی کا یکم مئی ”یوم مزدور 1886ء” کے موقع پر کہنا ہے کہ یہ دن شکاگو کے ان سینکڑوں بے کسوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنے حق کے لیے آواز بلند کی تھی، جبکہ غزہ کے مزدور کو احتجاج تو کجا، اپنے ہی وطن میں بے یار و مددگار کرکے ظلم کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ وہاں سینکڑوں نے جان دی، یہاں ہزاروں شہید جبکہ لاکھوں بے گھر و بے سروسامانی میں ظلم کی بھیانک تصویر بن گئے۔ افسوس عالمی انسانی و بنیادی حقوق کے واویلا کرنے والے بھی اس یکطرفہ ظلم کو نہ روک پائے، صد ہزار افسوس کہ ہم بھی کچھ نہ کر پائے۔ یکم مئی کی طرح غزہ کے مزدوروں کے نام بھی ایک دن منسوب کیا جائے۔
دوسری جانب علامہ سید ساجد علی نقوی نے عام پاکستانی مزدور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوم مزدور ایسے وقت میں آیا ہے جب کسان اپنی فصل کی قیمت کے مناسب تعین نہ ہونے پر پریشان ہے، تو مزدور روز بروز بڑھتی مہنگائی، روپے کی بے قدری اور روزگار کے مسدود ذرائع پر نوحہ کناں ہے، جس پر شاعر مشرق کے اشعار ترجمانی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پولیس تشدد ناقابل برداشت، سندھ بھر میں احتجاج ہوگا، علامہ مبشر حسن
تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں
ہیں تلخ بہت بندۂ مزدور کے اوقاتمکر کی چالوں سے بازی لے گیا سرمایہ دار
انتہائے سادگی سے کھا گیا مزدور ماتمزدوروں کے شب و روز کی مشکلات اور مؤثر طبقات کی پرتعیش زندگانی پر فرمایا:
خلقِ خدا کی گھات میں رند و فقیہ و میر و پیر
تیرے جہاں میں ہے وہی گردشِ صبح و شام ابھیتیرے امیر مال مست، تیرے فقیر حال مست
بندہ ہے کوچہ گرد ابھی، خواجہ بلند بام ابھی
قرآن پاک بھی اسی جانب، سورة الحشر آیت نمبر 7 میں رہنمائی فرماتا ہے کہ: ”دولت صرف امراء میں ہی گردش نہ کرتی رہے” اور منصفانہ تقسیم کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ سیرت رسول اکرم ﷺ اسی پر قائم رہی۔ حضرت علیؑ نے اپنے دور خلافت کے آغاز میں پہلا اصلاحی اقدام یہ اٹھایا کہ قومی خزانے میں سب کے لیے مساوی مواقع دینے کا اعلان کیا، مگر افسوس کہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود آج مزدوروں، محنت کشوں اور کسانوں کو ان کا جائز حق ملنا بہت مشکل ہو چکا ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی مزدور، کسان اور جفاکش قومی تعمیر و ترقی میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔ وطنِ عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، لہٰذا حکومت مزدوروں کی عزت اور وقار کو تحفظ دے۔







