کراچی میں آئی ایس او کا پرامن احتجاج: اسرائیل نواز تنظیم شراکا کے خلاف عوامی بیداری
شیعیت نیوز : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کی جانب سے کراچی کے معروف مقام "تین تلوار” پر پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ مظاہرے میں نوجوان شہریوں نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور اسرائیل نواز تنظیم شراکا کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ عوامی آگاہی کے لیے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے جن میں اسرائیل نواز تنظیم شراکا کے حوالے سے اور ان کی پاکستان میں بڑھتی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : ملکی دفاع کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اسلامی تحریک سکردو
اس موقع پر ترجمان آئی ایس او کراچی کا کہنا تھا کہ مظاہرے کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا، ظالم قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنا، اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے باشعور نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی ظلم کے خلاف اپنی آواز مزید بلند کریں۔ مظاہرہ پرامن طور پر مکمل ہوا اور شرکاء نے آئندہ بھی فلسطین کے حق میں اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔







