ملکی دفاع کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اسلامی تحریک سکردو
شیعیت نیوز : اسلامی تحریک پاکستان ضلع سکردو کے زیر اہتمام اسلامی تحریک کے 46 ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر حسین الحسینی تھے۔ اس موقع پر انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر حسین الحسینی، نائب امام جمعہ شیخ جواد حافظی، اسلامی تحریک ضلع سکردو کے صدر شیخ حسن فلسفی، جنرل سیکرٹری شیخ احمد ترابی، گمبہ سکردو کے صدر شیخ سرور میر، اسلامی تحریک حلقہ نمبر دو سے اسمبلی کے امیدوار شبیر حافظی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ دشمن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے، ملکی دفاع کے لیے ہم سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی ہندوتوا ذہنیت کا نمائندہ اور گجرات کا قاتل ہے، علامہ احمد اقبال رضوی
مقررین نے مزید کہا کہ جیسے 1948ء اور 1999ء کارگل جنگ میں دشمن کو شکست دی ہے، بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو ہم بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ہمارے پہاڑوں اور زمینوں پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے۔ اگر پاکستان کو کسی چیز کی ضرورت ہے ہم دل کھول کر دینے کے لیے تیار ہیں لیکن حکمرانوں کی تجوریوں کو بھرنے کے لیے ہم ایک پتھر بھی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔







