ضلع کرم میں عوامی ملیشیا کے قیام کا اعلان، علامہ عابد الحسینی کا بڑا قدم
سات ماہ سے عوام غزہ سے بدتر صورتحال کا شکار ہیں، حکومت کی ناکامی پر عوامی رضا کار فورس تشکیل دی جائے گی، سابق سینیٹر کا اعلان

شیعیت نیوز : سابق سینیٹر اور بزرگ عالم دین علامہ عابد حسین الحسینی نے ضلع کرم میں عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے نجی ملیشیا کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ سات ماہ سے عوام کو محصور بنا کر فلسطین اور غزہ سے بھی بدتر صورتحال سے دوچار کیا گیا ہے۔
کشمیر چوک پاراچنار میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عابد الحسینی نے کہا کہ ضلع کرم میں بدامنی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے امن معاہدے کے باوجود راستہ نہیں کھولا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ غریبوں اور یتیموں پر رمضان پیکیج تقسیم کرنے کے لیے سامان سے لدے ہمارے دو ٹرک یکم رمضان سے ٹل شہر میں کھڑے ہیں، جن کا روزانہ کرایہ 20 ہزار روپے ادا کیا جا رہا ہے۔ مزید عوام کے ساتھ یہ کھیل اور تماشا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم لشکر جھنگوی و سپاہ صحابہ فعال لیکن ادارے غفلت کی نیند سو رہے ہیں، اہم رپورٹ
علامہ عابد الحسینی نے کہا کہ ضلع کرم کے عوام سات ماہ سے بدترین محاصرے کا شکار ہیں، لوگ علاج اور خوراک نہ ملنے سے مر رہے ہیں اور کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہو کر کل سے عوامی رضا کار فورس کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو بدامنی سے نجات دلائی جا سکے اور ان کی جان و مال کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
احتجاجی جلسہ سے تحریک حسینی کے سیکرٹری جنرل اور ویلج چیئرمین سید اخلاق حسین، سید عارف حسین اور حاجی یونس نے بھی خطاب کیا۔