عوام پاراچنار کے ساتھ کھیل تماشہ مزید قابل قبول نہیں، علامہ عابد حسین حسینی
ضلع کرم میں بد امنی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، اس وجہ سے امن معاہدے کے باوجود راستہ نہیں کھولا جا رہا

شیعیت نیوز : سابق سینٹر اور بزرگ عالم دین علامہ عابد حسین الحسینی نے ضلع کرم میں عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے نجی ملیشیاء کے قیام کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ سات ماہ سے عوام کو محصور بنا کر فلسطین و غزہ سے بدتر صورتحال سے دوچار کیا گیا ہے۔
کشمیر چوک پاراچنار میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر علامہ عابد الحسینی نے کہا کہ ضلع کرم میں بد امنی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے اس وجہ سے امن معاہدے کے باوجود راستہ نہیں کھولا جا رہا۔
غریبوں اور یتیمیوں پر رمضان پیکج تقسیم کرنے کے لیے ہمارے سامان کے دو ٹرک یکم رمضان سے ٹل شہر میں انتظار میں تھے یومیہ 20 ہزار روپے کرایہ ادا کررہے تھے، مزید عوام کے ساتھ یہ کھیل تماشہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تل ابیب میں نتن یاہو کے خلاف ہزاروں مظاہرین کا احتجاج، استعفیٰ کا مطالبہ
ضلع کرم میں عوام سات ماہ سے غزہ اور فلسطین سے بدتر صورتحال سے دوچار ہیں اور لوگ علاج و خوراک نہ ملنے سے مر رہے ہیں، کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہے۔
حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہو کر کل سے رضا کار فورس بھرتی کرنے کا کام شروع کریں گے تاکہ عوام کو بدامنی سے نجات دیا جا سکے اور عوام کی جان مال کی حفاظت کے لیے عوامی رضا کار فورس کے ذریعے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
احتجاجی جلسہ سے تحریک حسینی کے سیکرٹری جنرل اور ویلج چیئرمین سید اخلاق حسین، سید عارف حسین اور حاجی یونس نے بھی خطاب کیا۔