یزید آج بھی ہارے گا، فلسطین کے شہداء زندہ ہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے "کربلائے عصر فلسطین” سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزید کل بھی ہارا ہے، وہ آج بھی ہارے گا۔ جو اپنے اصولوں پر مر مٹا، وہ زندہ ہے اور جیت اُس کی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ استقامت دکھائیں، ظالموں کا مقابلہ کریں اور قیام کریں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ واقعۂ کربلا کے بعد مخدراتِ عصمت نے استقامت کا مظاہرہ کیا اور کربلا والوں کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والوں کے لیے اللہ کے وعدے ہیں اور اُن کے لیے انعام ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ مزاحمت نہ ہو اور وہ پراپیگنڈہ کر رہا ہے، لیکن ہماری ذمہ داری ہے کہ مزاحمت کو زندہ رکھا جائے۔ یہ خدا کا وعدہ ہے کہ جو اُس کی مدد کرتا ہے، خدا اُس کی مدد کرتا ہے۔ ہم نے فلسطین کی حمایت کو زندہ رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سیستانی کا پوپ فرانسس کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے حکمران اور سیاستدان اُمت مسلمہ سے نہیں ہیں، اُمت مسلمہ وہ ہے، جو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرے۔ کوئی بھی منافق اُمت محمدی سے نہیں ہے۔ شہدائے غزہ و فلسطین ہمیشہ کے لیے زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید صرف زندہ نہیں ہوتا بلکہ وہ زندہ کرتا بھی ہے، وہ اُمت کو بیدار کرتا ہے۔ خاموش اُمت درحقیقت اسرائیل کی حامی ہے۔







