اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج کا مذاق اڑانے والے مزاحمت دشمن ہیں: حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کے خلاف احتجاج کا مذاق اڑانے والے مزاحمت مخالف ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ آج ملتان میں غزہ سے یکجہتی کے لیے بڑا مارچ کریں گے، حکمران، اپوزیشن پارٹیوں میں ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے مقابلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف لاہور میں تاجر برادری کی ہڑتال
ان کا کہنا تھا کہ مخصوص لابیوں کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنا پاکستان کی ریاستی پالیسی ہے جو قائداعظمؒ نے وضع کی تھی۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں اور فلسطینیوں میں رشتہ ایمان اور عقیدے کا ہے، حکمران فلسطین کے دو ریاستی حل کی تجاویز پیش نہ کریں، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو منظم کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کریں گے۔







