وفاق المدارس الشیعہ کے سالانہ امتحانات 19 اپریل سے شروع ہوں گے
ملک بھر میں پرچوں کی ترسیل مکمل، نگران عملہ 18 اپریل کو مراکز پر پہنچے گا

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے زیرِ اہتمام 19 اپریل سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جامعۃ المنتظر میں سیکریٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ناظمِ امتحانات مولانا محمد تحسین، ناظمِ دفتر مولانا لعل حسین توحیدی اور دیگر متعلقہ اسٹاف شریک ہوئے۔ مولانا تحسین نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں امتحانی پرچے پہنچ چکے ہیں، کراچی اور اندرونِ سندھ کے امتحانی پرچے بھی 16 اپریل کو روانہ کر دیے گئے تھے، جبکہ آج جمعرات کو پرچوں کی ترسیل پورے پنجاب میں مکمل ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ شہنشاہ نقوی کی شائستگی نے نفرت انگیزی کو شکست دی
انہوں نے کہا کہ 18 اپریل کو مقررہ امتحانی مراکز میں نگران عملہ پہنچ جائے گا اور 19 اپریل کو صبح امتحانات وفاق المدارس الشیعہ کے امتحانی قواعد و ضوابط کے مطابق کروائے جائیں گے۔
علامہ محمد افضل حیدری نے امتحانات کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا امتحانی نظام شفافیت کا عکاس ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ امتحانات میں حصہ لیں۔