آئین نے ہمیں اکٹھا کرنا تھا لیکن یہاں آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کچھ حقائق ہیں جن کا انکار کرنا مشکل ہے۔
1971 میں عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا گیا اور پاکستان ٹوٹ گیا۔
اگر عوام کی رائے کے مطابق اقتدار کیلئے آنے والے لوگوں کا راستہ نہ روکا جاتا تو پاکستان نہیں ٹوٹتا۔
یہ اس لئے ہوا کہ عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
ڈاکہ کس نے ڈالا؟ وہ لوگ کون تھے؟ وطن کو دو لخت کرنے والے کون تھے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع پشین میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان میں متعدد بار مارشل لاء لگایا گیا، آئین کو معطل کرنے اور مارشل لاء لگانے کی سزاء آئین پاکستان کی رو سے سزائے موت ہے۔
عدلیہ اور جسٹس منیر کی طرح انصاف کے قاتل ججز نے ضیاء الحق کے مارشل لاء کو قانونی حیثیت دی اور آئین کو پامال کیا گیا۔
ہزاروں سالوں سے پاکستان کے خطے پر ہم سب آباد تھے، بلوچ، سندھی، سرائیکی، پشتون تھے، پاکستان نہیں تھا۔
ہمیں جو چیز اکٹھا رکھتی ہے، وہ پاکستان کا آئین ہے۔
لیکن یہاں آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا ہے۔
ضیاء الحق کا مارشل لاء، جنرل پرویز مشرف کا مارشل لاء، ان لوگوں کو پھانسی پر چڑھانا چاہئے تھا۔
آئین پر حملہ پاکستان کی فیڈریشن پر حملہ ہے۔
ہمیں ٹکڑوں میں بانٹنے کی کوشش کی گئی، ایک دوسرے کے بارے میں بدگمان کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ ظالم اور ڈاکو کبھی برداشت نہیں کر سکتے کہ عوام اکھٹے ہوں۔
لوگوں کے گھروں میں گھسنے، انہیں قتل کرنے اور ان کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے ڈاکوؤں کے پیٹ نہیں بھر رہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصر عباس کی مستونگ بی این پی کے دھرنے میں شرکت، مظاہرین سے اظہار یکجہتی
جن لوگوں کو بارڈر ہر ہماری حفاظت کرنی تھی، وہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔
جہاں جہاں وسائل ہیں، وہاں مسائل ہیں۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی ایسا ہی ہے، گلگت کے عوام کی سرزمین پر بھی قبضہ جاری ہے۔
ہماری کوشش تھی کہ وہاں کے لوگوں کو پاکستانی بنائیں، اور وہ بن رہے تھے۔
آج وہاں کی ستر فیصد آبادی پاکستان کا نام لینے کیلئے تیار نہیں ہے۔
آپ ہمارے ملک کو کہاں لیکر جا رہے ہیں؟ اس وقت ملک کو بچانے کا ایک ہی راستہ ہے۔
وہ آئین پاکستان کی بالادستی اور رول آف لاء ہے۔ جو تحریک تحفظ آئین پاکستان کہتی ہے۔
پاکستان بچانے کی آخری امید تحریک تحفظ آئین پاکستان ہے۔
پاکستان کی 90 فیصد عوام ان طاقتوروں کے خلاف ہیں۔







