وہ اپنا ہر وی لاگ ذات رسولﷺ پر درود پڑھ کر شروع کرتا ہے، معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو صرف شیعہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے
شیعیت نیوز : لاہور سے تعلق رکھنے والا یوٹیوب کا سب سے مشہور فیملی وی لاگر، رجب بٹ، جو ہمیشہ اپنے وی لاگ کی ابتدا درود پاک پڑھ کر کرتا تھا، اس پر اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے ناموسِ رسالت کے الزام کی بنیاد پر جینا مشکل کر دیا ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے اور مال دار وی لاگر رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب کا الزام لگا کر ایک بار پھر ہمارے ملک کے نام نہاد محب رسولؐ گروہ، یعنی تحریک لبیک پاکستان کے شدت پسند علماء اس کے پیچھے ہاتھ دھو کر لگا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، رجب بٹ پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اس نے 295 کے نام سے ایک پرفیوم کی مارکیٹنگ کا آغاز کیا ہے، جو کہ توہینِ رسالت کے مترادف ہے۔
الزام لگانے والوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل رجب بٹ نے اپنے وی لاگ میں نماز کی توہین کی تھی، جس پر اس کے خلاف توہین مذہب کی دفعہ 295A کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی تھی، تاہم اس کی معافی کے بعد وہ درخواست واپس لے لی گئی تھی۔
تحریک لبیک نے الزام عائد کیا ہے کہ رجب بٹ نے اپنے پرفیوم برانڈ کا نام 295 اس لیے رکھا ہے تاکہ وہ توہینِ رسالت کی سزا کی توہین کرے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہمارے ملک کے اکثریتی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی 295C کے اصل مفہوم سے ناآشنا ہیں۔
الزام لگا کر اس کی زندگی کو مذہبی شدت پسندوں کے حوالے کرنا کہاں کا انصاف اور دین ہے؟
یہ بھی پڑھیں : سچے دل سے توبہ کرنے والوں کی توبہ ضرور قبول ہوتی ہے، حجت الاسلام سید حسین مومنی
پاکستان میں کچھ ایسے افراد ہیں جو خود دین کے بنیادی اصولوں سے ناآشنا ہیں، مگر وہ دوسروں کے بارے میں مذہب کے ٹھیکیدار بنے پھرتے ہیں۔
انسانیت، اخلاقیات، رحم دلی اور علم سے عاری لوگ ایک جھوٹے الزام کے تحت بے گناہ افراد کے خلاف ظلم پر اتر آتے ہیں، بغیر تحقیق یا انصاف کے۔
یہ کھیل کب تک جاری رہے گا؟
رجب بٹ کا قصور وہی ہے جو ہمارے ملک میں ظفر عباس کا ہے، جو فیصل رضا عابدی کا ہے، یعنی ان کا شیعہ ہونا۔
یہ ناصبی گروہ ہر اُس مشہور شخصیت کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیتا ہے جس کا تعلق شیعہ مکتبہ فکر سے ہو۔
رجب بٹ کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اپنے مسلک کا اظہار اپنے ویڈیوز میں ببانگ دہل کرتا ہے اور مجالس و عزاداری میں شرکت کی ویڈیوز نشر کرتا ہے۔
حال ہی میں، رجب بٹ نے کراچی میں جے ڈی سی کی سحری تقریب میں شرکت کی تھی اور فری لیبارٹری کی خدمات سے متاثر ہوکر لاہور میں بھی مفت لیبارٹری قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے باوجود ہمارے ملک میں کئی فیملی وی لاگرز ہیں جو یوٹیوب پر انتہائی گھٹیا اور بے ہودہ مواد نشر کرتے ہیں، جیسے ڈکی بھائی اور معاذ صفدر، جنہوں نے بار بار مذہبی شعار کی توہین کی ہے، لیکن ان کے بارے میں کبھی بھی نام نہاد محب رسولؐ افراد کی جانب سے کوئی آواز نہیں اٹھی۔
اسی ملک میں مفتی طارق مسعود، منظور مینگل، اور آصف اشرف جلالی جیسے افراد نے شانِ رسالتؐ، شانِ حیدر کرارؓ اور شانِ سیدہ کائناتؑ میں بدترین گستاخیاں کیں، لیکن اس پر کبھی تحریک لبیک یا سپاہ صحابہ نے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔
رجب بٹ، جو اس وقت عمرہ کی سعادت کے لیے مکہ مکرمہ میں ہیں، نے اپنے عمل پر معافی مانگی ہے اور نبی اکرمؐ کی عزت و ناموس پر اپنی جان قربان کرنے کی قسم کھائی ہے۔
انہوں نے حکومت پنجاب اور پاک فوج سے درخواست کی ہے کہ ان کے اور ان کے اہل خانہ کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
آخری اطلاعات کے مطابق، ناصبی تحریک لبیک کے شرپسند افراد نے لاہور کے ایک مقامی تھانے میں رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب کا جھوٹا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا ہے۔







