مولا علیؑ امت محمدﷺ میں سب سے افضل اور اعلیٰ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

20 مارچ, 2025 17:29

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امیر المومنین امام علیؑ عالم انسانیت کے رہبر اور رہنماء ہیں۔

آپ کی شان میں قرآن کریم کی سینکڑوں آیات کریمہ نازل ہوئیں اور پیغمبرﷺ نے آپ کو اپنا بھائی، وصی، وزیر اور جانشین قرار دیا۔

آپؑ کی شان میں جتنی احادیث ہیں، اتنی کسی اور کے لئے نہیں۔

آپ امت محمدﷺ میں سب سے افضل اور اعلیٰ ہیں۔

اپنی بے مثال شجاعت جہاد فی سبیل اللہ، علم، سخاوت، حکمت و دانائی، فصاحت و بلاغت اور زھد و تقویٰ کے باعث آپؑ کو تاریخ انسانی میں منفرد مقام حاصل ہے۔

آپؑ کا پانچ سالہ دور خلافت دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

حضرت مالک اشتر کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے آپؑ نے جو عہد نامہ تحریر کیا، وہ آج بھی حکمرانی کا جامع منشور ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور انتظامیہ کا اجلاس، یوم علی کی سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

امام علیؑ کے خطبات، مکتوبات اور فرامین کا مجموعہ نہج البلاغہ علم و حکمت اور فصاحت و بلاغت کا سمندر ہے۔

مولا علیؑ نے اپنی آخری وصیت میں فرمایا تھا کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی رہو۔

یہی وجہ ہے کہ آج شیعیان علی ابن ابی طالب علیہ السلام پوری دنیا میں ظالم کے خلاف صف آراء ہیں اور دنیا بھر کے مظلوموں کے مددگار اور طرفدار ہیں۔

فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کی حمایت اور شیطان بزرگ امریکا و اسرائیل غاصب کے خلاف لبنان، یمن، عراق، ایران سمیت پوری دنیا میں شیعیان علی نے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق صد تعریف ہے۔

ہم غزہ اور یمن کے عوام کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، اور عہد کرتے ہیں کہ کبھی بھی فلسطین کو اکیلا، نہیں چھوڑیں گے۔

11:00 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top