نیمہ شعبان، شب برات اور ولادت امام مہدیؑ پر عالم اسلام کو مبارکباد: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شب برات، اللہ کی جانب سے مومنین کے لیے رحمت اور برکت کی رات ہے، امام مہدیؑ کی معرفت گناہوں سے دوری کا ذریعہ بنتی ہے

شیعیت نیوز : سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نیمہ شعبان، شب برات اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر تمام عالم بشریت و عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رات کی بابرکت ساعتوں کو عبادت میں بسر کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی بخشش اور قرب خداوند متعال کی دعا کے ساتھ گزارنی چاہیے۔
شب برات اللہ تعالیٰ کی طرف سے مؤمنین کرام کے لیے وہ خاص رات ہے جس میں لوگوں کے رزق اور تقدیر کے تعین کی روایات موجود ہیں۔ لہٰذا اس رات کو غیر ضروری اور دنیوی مصروفیات میں ضائع کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ، رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت اطہار علیہم السّلام کا قرب حاصل کرنے کے لیے ذکر و اذکار میں گزارنا چاہیے۔ حضرت امام مہدی ؑ عجل اللہ فرجہ کے ظہور میں تعجیل کے لیے ہم سب کے ہاتھ سربلند رہنے چاہئیں کیونکہ آپ علیہ السّلام زمین کو عدل و انصاف سے ایسے بھر دیں گے جیسے یہ ظلم و جور سے بھر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سیہون سڑک حادثہ: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی شہداء کے لواحقین سے تعزیت
ایک سچے مؤمن کی علامت یہ ہے کہ وہ امام علیہ السّلام کی جدائی اور فراق پر نہ صرف غمگین رہتا ہے بلکہ گریہ کناں بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام مہدی علیہ السّلام ہی عالم بشریت کے لیے نجات دہندہ ہیں۔ آج امت مسلمہ جس زوال و ذلت کا شکار ہے اس کا بنیادی سبب اس فکری تربیت کا فقدان ہے جس کا درس آلِ رسول علیہم السّلام کے گھرانے نے دیا۔
دنیا کے دیگر مذاہب کا بھی اس حقیقت پر کامل یقین ہے کہ جب دنیا گناہوں سے بھر جائے گی تو ایک نجات دہندہ کی آمد ہوگی۔ مسلمانوں کے اس عقیدے کو غیر مسلموں کی طرف سے بھی تسلیم کیا جانا اس کے سچا ہونے کی ایک دلیل ہے۔ ہماری قوم نیمہ شعبان کی رات اپنے وقت کے امام علیہ السّلام کو اس انداز سے پکارے جیسے وہ انہیں اپنے سامنے دیکھ رہی ہو۔ یہ معرفت اور یہی اعتقاد ہمیں گناہوں سے دور اور اپنے امام ؑ کے قریب کر دے گا۔ امام مہدی علیہ السّلام کی ذات اقدس مستضعفینِ جہاں کے لیے امید کا مرکز و محور ہے۔