اسرائیلی جارحیت کے خلاف علاقائی اتحاد ضروری ہے، ایرانی جنرل باقری
ایرانی اور عمانی عسکری قیادت کی ملاقات، سکیورٹی تعاون پر زور

شیعیت نیوز: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ خطے میں اسرائیل کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان اتحاد ہی "واحد راستہ” ہے۔
یہ بیان تہران میں عمان کی مسلح افواج کے سربراہ ایڈمرل عبداللہ خامس الرئیسی سے ملاقات کے دوران دیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کی ایرانی صدر کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد
جنرل باقری نے ایران اور عمان کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ہمیشہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے عمان کو "میری ٹائم سکیورٹی بیلٹ” بحری مشق میں شرکت کی دعوت دی اور مشترکہ سکیورٹی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر عمانی ایڈمرل عبداللہ خامس الرئیسی نے بھی کہا کہ ایران اور عمان کے تعلقات باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔ انہوں نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں عسکری سربراہان نے خطے میں اسرائیلی جارحیت خصوصاً غزہ میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے منصوبے کی شدید مذمت کی۔