ملک آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کی بحالی اور مہنگائی کے خاتمے پر زور

شیعیت نیوز: ملک میں انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوابی میں منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گزشتہ سال آٹھ فروری کو ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا، اور قوم کی جانب سے دیا گیا مینڈیٹ ظالموں نے ہم سے دھونس، دھاندلی اور ہیرا پھیری سے چھین لیا۔ مینڈیٹ کی واپسی کے لیے ہونے والے پرامن احتجاج پر ریاستی ظلم و تشدد کی انتہا کر دی گئی، اور کئی معصوم نہتے شہریوں کو فائرنگ سے قتل اور زخمی کیا گیا۔
یہ اعصاب کی جنگ ہے، یہ طویل اور کٹھن راہ ہے لیکن کوئی چیز ناممکن نہیں۔ ہمیں تھکنا نہیں ہے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط عزم اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں عظیم الشان سیمینار، ایرانی انقلاب کی کامیابی اور اس کے اثرات پر گفتگو
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔ ہم ملکی ترقی اور جمہوریت کی حقیقی معنوں میں مضبوطی اور بحالی پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی پوری قوم کی آواز ہے۔
متنازع پیکا ترمیمی ایکٹ کے ذریعے آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر اصلاحی تنقید پر قدغن لگا دی گئی ہے۔ عدلیہ کے کردار کو اپنی مرضی و منشا کے مطابق ڈھالنے کی سوچی سمجھی سازش کی گئی اور عدالتی نظام کو اپنے گھر کی لونڈی بنانے کا کھلواڑ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔ سیکیورٹی فورسز پر آئے روز حملے ہو رہے ہیں، جبکہ حکمرانوں کی جانب سے صرف زبانی دعوے کیے جا رہے ہیں۔ اچھی حکمرانی خالی بیانات سے نہیں چلتی، انتہا پسندی اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ملک کی سب سے مقبول جماعت کی قیادت اور کارکنان کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے اور پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ ملکی ترقی و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اس پارٹی کے پاس ہو جسے عوامی اکثریت کی حمایت حاصل ہو۔
مہنگائی کم ہونے کے دعوے صرف اعداد و شمار کا گورکھ دھندہ ہیں۔ غریب عوام کا مہنگائی سے جینا دو بھر ہو چکا ہے۔ ایک ہفتے میں کراچی کے درجنوں شہریوں کو ہیوی ڈمپرز نے کچل ڈالا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔
مرکزی میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین